پشاور/ 18 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) خیبر پختونخوا کے شمالی ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔مقامی حکام کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح مرخنی پل کے قریب پیش آیا۔ تاہم واقعے میں پولیو اہلکار محفوظ رہے۔لوئر دیر کے انتظامی مرکز تیمر گرہ میں حکام نے پولیو مہم کے دوران حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں مکرم اور فرمان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں حکومتِ پاکستان نے پیر سے انسداد پولیو مہم شروع کر رکھی ہے۔ جس میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔پولیو ٹیموں کے تحفظ کے پیش نظر مرکزی اور صوبائی حکومتیں پولیو اہلکاروں کی حفاظت کے لیے پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کرتی ہیں۔پاکستان اور افغانستان ہی ایسے ممالک ہیں جہاں ابھی بھی پولیو وائرس کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔ رواں سال ملک بھر میں اب تک 98 کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 72 کیسز خیبر پختونخوا میں سامنے آئے ہیں۔حکام نے پیر سے پولیو مہم کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعے خیبرپختونخوا کے 68 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے ہیں۔رواں سال مختلف مواقعوں پر پولیو ٹیموں پر ہونے والے حملوں کے باعث پولیو مہم ملتوی ہوتی رہی ہے۔